
فیصل آباد(صدائے سچ نیوز)سانحہ جڑانوالہ کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے، اسلام امن آشتی کا دین ہے جو کہ مکمل ضابطہ حیات ہے جس کے مطابق اقلیتوں سے حسن سلوک کرنا اور انہیں تحفظ فراہم کرنا ہر ریاست کا فرض ہے، پاکستان ہم سب کا ہے ہر فرد کا اس پر برابری کا حق ہے۔
اسلام و پاکستان دشمن قوتیں ہمارا امن تباہ کرنے کے در پر ہیں جن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہوگا ،ان خیالات کا اظہار چیئر مین علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر نیویارک بروکلین ملک ناصر اعوان ، اور چیف کو آرڈنیٹر علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر نیو یارک بروکلین علامہ مشتاق احمد کمبوہ محمدی مولائی نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ سے پاکستان کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن ہم جیسے دیار غیر میں رہنے والے محب وطن پاکستانی اپنے طرز عمل گفتار، کردار کے ذریعے یہ دنیا کو باور کرواتے ہیں کہ ہم ایک پرامن قوم ہیں ہم انسانیت سے محبت کرنے والے لوگ ہیں سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات شفاف طریقے سے ہونی چاہیے اور حقائق پوری قوم کے سامنے لائے جانے چاہیں تا کہ جو بھی اس سانحہ میں ملوث ہے اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ہمیں اپنے تحقیقاتی اداروں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ جدید سہولیات کو استعمال کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر اس سانحہ کی تفتیش کر کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
علاوہ ازیں ہم وفاقی وصوبائی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے جڑانوالہ میں جا کر مسیحی برادری سے اظہار یحجہتی کیا اور ان کی عباد گا ہوں اور گھروں کی تعمیر نو کیلئے فنڈ مہیا کئے۔