
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ-سید تبسم عباس شاہ) وزارت اطلاعات و نشریات نے پریس رجسٹراراور آڈٹ بیورو سرکولیشن (اے بی سی)کو آپس میں ضم کر کے ایک نیا ادارہ بنانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔
تجویز کے مطابق اس وقت پریس رجسٹرار آفس میں ایک پریس رجسٹرار گریڈ 20کی اور ایک ڈپٹی پریس رجسٹرارگریڈ 19کی پوسٹ ہے جبکہ اے بی سی ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر اے بی سی گریڈ 19، ایک گریڈ 18کی ڈپٹی ڈائریکٹر اواگریڈ 17کی اسسٹنٹ ڈائریکٹرکی ایک پوسٹ ہے۔
ان دونوں اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے اور اخبارات کو ایک ہی چھت تلے اخبارات کو ٹاٹل الاٹمنٹ، رجسٹریشن، رینو ول، اور آڈٹ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دونوں اداروں کو ضم کر کے ایک نیا ادارہ بنایا جائے جس کا سربراہ گریڈ 21کا انفارمیشن گروپ کا افسر ہو جبکہ شعبہ اے بی سی کے معاملات کو انفارمیشن گروپ کا گریڈ 20کا ایک افسر، گریڈ 19کے دو افسر،گریڈ 18کے دو افسراور گریڈ 17کے دو افسرجبکہ پریس رجسٹرار آفس کے معاملات کو بھی گریڈ 20کا ایک افسر، گریڈ 19کے دو افسر،گریڈ 18کے دو افسراور گریڈ 17کے دو افسرسنبھالیں گے۔
اس تجویز کے حوالے سے اے پی این ایس، سی پی این ای اور دیگر میڈیا تنظیموں کو بھی اعتما د میں لینے کے بعد حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ انضمام کے بعد یہ نیا ادارہ ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ کے بجائے براہ راست سیکرٹری وزارت اطلا عات و نشریات کو رپورٹ کر ے گا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک سینئر افسر کے مطابق یہ ابھی محض ایک تجویز ہے جو پر غور و غوص کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور اس ضمن وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ ڈویثرنز کی منظوری کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گاجبکہ دوسری طرف وزارت اطلاعات، پریس رجسٹرار اور اے بی سی آفس کے بجٹ اور ملازمین میں اضافے کی منظوری وزارت خزانہ سے حاصل کر چکے ہیں۔