ایکسکلوسِو
چکوال میں ناجائز اسلحے کی بھرمار، ونہار اور کلرکار کے علاقے سیکیورٹی رسک بننے لگے؛ کم عمر نوجوانوں میں اسلحہ کلچر خطرناک حد تک فروغ پا گیا
چکوال (صدائے سچ نیوز) تھانہ ونہار اور تھانہ کلرکار کے علاقوں میں ناجائز اسلحے کی مبینہ بھرمار اور نوجوانوں میں اسلحہ رکھنے، سرعام نمائش اور ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان نے امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ مقامی شہریوں اور والدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو یہ علاقے کسی بڑے سانحے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ اسلحہ رکھنا اب بعض نوجوانوں میں محض شوق نہیں بلکہ فیشن اور سماجی رعب کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ سمیت کم عمر لڑکوں میں بھی اسلحہ رکھنے کا رجحان بڑھنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ بعض نوجوان اسلحہ نہ ہونے کو اپنی عدم تحفظ کی علامت سمجھنے لگے ہیں۔
علاقے میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران کئی کئی گھنٹے جاری رہنے والی ہوائی فائرنگ نے شہریوں کا سکون چھین لیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شادیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ، سوشل میڈیا پر موجود فوٹیج اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جائے تو فائرنگ کے واقعات اور غیر قانونی اسلحے کی نمائش کی سنگینی سامنے آ سکتی ہے۔ رات گئے تک گولیوں کی آوازیں خوف و ہراس پھیلاتی ہیں، مگر شہریوں کے مطابق پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دیتی۔
ونہار کے علاقے میں حالیہ دنوں ایک بچے کے قتل کے افسوسناک واقعے نے پہلے سے موجود خدشات کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں اور نوجوانوں میں اسلحے کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی خطرناک ہے اور کسی معمولی تنازعے کو بھی جان لیوا تصادم میں بدل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کلر کہار، رنسیال میں موٹرسائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ، نوجوان جاں بحق، ساتھی شدید زخمی
شہریوں نے متعلقہ تھانوں کی پولیس کے مبینہ غیر مؤثر کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ غیر قانونی اسلحے کی روک تھام اور ہوائی فائرنگ کے خلاف خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
عوامی حلقوں اور والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ ونہار اور تھانہ کلرکار کی حدود میں فوری، بلاامتیاز اور مؤثر آپریشن کلین اپ شروع کیا جائے، غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا جائے، ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور کم عمر بچوں کو اسلحے سے دور رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چکوال کے یہ علاقے ماضی میں انتہائی پرامن تصور کیے جاتے تھے، جہاں لوگ رات کے وقت بھی بلاخوف سفر کرتے تھے۔ علاقے کی بڑی آبادی کا تعلق پاک فوج سے وابستہ حاضر سروس یا ریٹائرڈ اہلکاروں سے ہے۔ کلرکار میں فوجی چھاؤنی اور دیگر حساس مقامات کی موجودگی کے پیش نظر اسلحے کی بے لگام نمائش اور غیر قانونی سرگرمیوں کو محض امن و امان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک ممکنہ سیکیورٹی چیلنج بھی سمجھا جانا چاہیے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ان دونوں علاقوں میں کارروائی کو چکوال بھر کے لیے ایک مثالی مہم بنایا جائے اور اس کے بعد ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز پر آپریشن کیے جائیں، تاکہ اسلحہ کلچر کا خاتمہ، شہریوں کا تحفظ اور علاقے کا امن بحال کیا جا سکے۔
(صدائے سچ نیوز)
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان

