پاکستان
کراچی، محمود آباد میں خوفناک دھماکے سے عمارت منہدم، تمام افراد بحفاظت ریسکیو
کراچی (صداۓ سچ نیوز) کراچی کے علاقے محمود آباد کے مکان میں دھماکے کے بعد عمارت منہدم ہوگئی جس کے بعد ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
محمود آباد انبالہ بیکری کے قریب مکان میں دھماکے کے بعد ایک منزلہ عمارت منہدم جبکہ آگ لگ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی جبکہ پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر وقوعہ پر کنٹرول سنبھالا۔
آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو کی متعلقہ پولیس افسران کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ ڈاکٹر عمران خان محمود آباد میں دھماکے سے زمین بوس ہونے والے مکان کے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، انہوں نے بتایا کہ دھماکے بعد زمین بوس ہونے والے مکان سے 3 خواتین اور ایک بچے سمیت 5 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ۔
آئی جی سندھ نے ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور باہمی تعاون یقینی، جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے، امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں معاونت کی جائے۔
دوسری جانب ریسکیو 1122 کے ترجمان نے کہا کہ دھماکے کی اطلاع کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں جبکہ فائر بریگیڈ کو بھی طلب کرلیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کراچی کے علاقے محمود آباد میں گھر میں دھماکے اور آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محمود آباد میں گھر میں دھماکے اور آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی اور متعلقہ انتظامیہ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کو آگ پر جلد از جلد قابو پانے اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے واقعے میں ممکنہ طور پر زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی امداد دی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ دھماکے کی وجوہات سامنے لائی جاسکیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
گھر میں دھماکے اور آتشزدگی کے واقعے میں گھر کے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، ڈپٹی کمشنر ایسٹ کاشف کھوڑو
محمود آباد میں گھر میں دھماکے اور آتشزدگی کے واقعے میں گھر کے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، جبکہ ایک خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ کاشف کھوڑو کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں۔ متاثرہ مکان گراؤنڈ پلس ون تھا، جہاں امدادی کارروائیوں کے دوران گھر میں موجود تمام افراد کو نکال لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا، تاہم اس کی حتمی تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
کاشف کھوڑو نے مزید بتایا کہ متاثرہ علاقے میں سیوریج کا کام بھی جاری تھا، جبکہ وہاں گیس کی بدبو بھی محسوس کی جا رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال دھماکے کی وجہ کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
تمام افراد کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا گیا ملبے تلے کوئی فرد باقی نہیں، ریسکیو حکام
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق گرنے والی عمارت کے ملبے سے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے اور اب ملبے میں کوئی شخص موجود نہیں۔ آگ بجھانے کے بعد متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جاسکے۔
ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجہ کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ گیس سلنڈر پھٹنے کا نتیجہ تھا یا گیس لائن میں دھماکا ہوا تھا۔ ملبہ مکمل طور پر صاف ہونے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کھڑی بعض گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم ملبہ زیادہ دور تک نہیں پھیلا۔ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد اب ملبہ ہٹانے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان9 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان10 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

