ایکسکلوسِو
سیکرٹری اطلاعات کی تعیناتی کیلئے تین آپشنز، ارشد منیر اور اشفاق احمد خلیل فیورٹ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ: سید تبسم عباس شاہ) نئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات کے انتخاب کیلئے تین آپشن زیر غور ہیں، اس پوسٹ کیلئے انفارمیشن گروپ کے6 افسران کے مابین مقابلہ ،ارشد منیر اور اشفاق احمد خلیل فیورٹ قرار۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان 22اکتوبرکو ریٹائر ہو رہی ہیں۔
اس وقت انفارمیشن گروپ گریڈ 21کی سینیارٹی لسٹ میں افسران کی ترتیب کچھ اس طر ح ہے، پہلے نمبر پر طارق خان (او ایس ڈی)،محمد ارشد منیرپریس سیکرٹری وزیراعظم پاکستان، عمرانہ وزیر ایگز یکٹیو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی، سعید احمد شیخ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان، اشفاق احمد خلیل ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات اور چھٹے نمبر پرثمینہ فرزین ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹر انک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز ہیں ۔
اس وقت گریڈ 22میں عنبرین جان واحد انفارمیشن گروپ کی افسر ہیں اس لئے مذکورہ گریڈ 21کے چھ افسران میں سے کوئی افسر بھی ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت اطلاعات ہو سکتا ہے۔

طارق خان سابق پرنسپل انفارمیشن آفیسر پی آئی ڈی سمیت مختلف عہدوں پر کام کر چکے ہیں لیکن موجودہ حکومت آنے کے بعد سے مسلسل او ایس ڈی ہے۔ انہیں سابق نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے ۔ بطور ترجمان صدر پاکستان، مرتضی سولنگی ان کیلئے کتنے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، یہ بات آئندہ چند روز میں سامنے آ جائے گی۔

محمد ارشد منیر شہباز حکومت وجود میں آنے کے بعد سے پریس سیکرٹری وزیراعظم پاکستان کے طور پر کامیابی سے خدمات سرانجا م دے رہے ہیں،اس سے قبل وہ جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، انفارمیشن گروپ کے اندرو ن و بیرون ملک اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں اس لئے گریڈ 21کے سینئر ترین افسر ہونے، وزیر اعظم کے ماتحت براہ راست کام کرنے کے علاوہ وزارت اطلاعات میں کافی عرصے تک کام کا تجربہ ہونے کی بدولت انہیں اس پوسٹ کیلئے موزوں ترین افسر قرار دیا جا رہا ہے۔ انتظامی کام کے علاوہ انہیں پبلسٹی کا بھی وسیع تجربہ ہے ۔

عمرانہ وزیر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی، اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ڈیمپ، پریس رجسٹراراور دیگر عہدوں پر کام کر چکی ہیں۔

سعید احمد شیخ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان، وزارت اطلاعات ، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف عہدوں پر کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

اشفاق احمد خلیل ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، قبل ازیں جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات ، ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ، بیرون ملک میں پریس قونصلر اور دیگر عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ان کے کام کی بدولت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے میڈیا کے حوالے سے قریبی ساتھی شہباز بدران پر بے پناہ اعتماد کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں ان کی گریڈ 21میں ترقی کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات کے کسی افسر کو جوائنٹ سیکرٹری نہیں لگایا گیا۔ عملی طور پر وہ ایڈیشنل سیکرٹری بننے کے بعد نہ صرف جوائنٹ سیکرٹری کا کام دیکھ رہے ہیں بلکہ سیکرٹری اطلاعات کے بعد وزارت اطلاعات کے تمام امور کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔ انتظامی امور کے علاوہ میڈیا سے متعلق معاملات خوب جانتے ہیں۔ اس لئے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے ساتھی شہباز بدرکا ووٹ انکے حق میں جائے گا۔

ثمینہ فرزین ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنزانفارمیشن گروپ کے افسران کے حقوق کیلئے ہر وقت سرگرم افسر کے طور پر رہتی ہیں ، بہت سارے لوگوں کی پس پردہ مخالفت کے باوجود انہیں گریڈ 21میں ترقی ملی ہے، اپنا کام خوب جانتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انفارمیشن گروپ کے علاوہ کسی اور سروس گروپ سے گریڈ 22کے افسر کی بطور سیکرٹری اطلاعات تعیناتی بھی ہو سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر ماضی میں سیکرٹری اطلاعات کے انتخاب کے حوالے سے میرٹ کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات بھی تاریخ کا حصہ ہے کہ قابلیت اور اہلیت کو نظر انداز کر کے نسبتا کم قابل اور کمزور افسروں کو بھی سیکرٹری اطلاعات لگانا حکومتوں کا میرٹ رہا ہے۔ ابھی موجودہ سیکرٹری کی ریٹائرمنٹ کو 20دن باقی ہیں ، آئندہ دو ہفتوں میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ تاہم اس پوسٹ پر تعیناتی کیلئے افسران نے لابنگ شروع کر دی ہے۔
-
ایکسکلوسِو2 ہفتے agoسیکرٹری اطلاعات کی پوسٹ کیلئے پانچ افسران کا انٹرویو، طارق خان بھی شامل
-
پاکستان3 ہفتے agoمسلم لیگ (ن) کے رہنما افتخار احمد چیمہ انتقال کر گئے
-
ایکسکلوسِو2 مہینے agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان1 مہینہ agoخدا نخواستہ 600 افراد جاں بحق ہوئے تو لاشیں کہاں ہیں؟،مریم نواز
-
پاکستان2 مہینے agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ٹیکنالوجی2 مہینے agoiOS 26 میں مکمل اردو سپورٹ — iPhone صارفین کے لیے نئی سہولت
-
پاکستان3 ہفتے agoمعصومہء سندھ کے روضہء اطہر کی تعمیر میں تاخیری حربے تشویشناک ہیں، کراچی ایڈیٹر کلب
-
تازہ ترین2 مہینے agoپاکستان کا ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) قائم

