تازہ ترین
ہارٹ آف ملبورن کی دھائی، دلوں کی کہانی ، دھڑکنوں کا سفر، دس برس
یہ صرف کیلنڈر پر جڑتے ہوئے برس نہیں تھے؛ یہ دلوں کی بحالی، امیدوں کی مرمت اور دھڑکنوں کی ترتیب کا سفر تھا۔ ہارٹ آف ملبورن کی یہ دہائی میڈیکل انسٹیٹیوشن کی ترقی سے بڑھ کر ایک سوچ، جذبے اور مسلسل دھڑکتے عزم کی کہانی ہے۔ یہ عزم پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق سے شروع ہوتا ہے اور سینکڑوں دلوں کی مسکراہٹوں میں اپنی تکمیل پاتا ہے۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کا دوسرا فلور اس رات یوں جگمگا رہا تھا جیسے آسمان نے اپنی کہکشاں زمین پر اتار دی ہو۔ یورپی ذائقوں کی لطافت، آسٹریلوی پکوانوں کی مہک اور ایک گوشے سے اٹھتی پاکستانی چاول اور لوبیے کی خوشبو… یہی امتزاج اس محفل کی اصل پہچان تھا۔
پاکستانی، بھارتی، ایرانی، چینی اور آسٹریلوی پس منظر رکھنے والے لوگ ایک ہی دھڑکن کی لَے پر یکجا تھے۔ ماہرِ قلب، جی پی، اور نفسیات دان اس رات سب ایک ہی مالا میں پروئے ہوئے موتی دکھائی دیتے تھے۔
فضا میں ایک شوخ جملہ تیر گیا
"اگر آج کسی کی دھڑکن بگڑ بھی گئی تو کیا فکر؟ یہاں تو وہ لوگ موجود ہیں جن کے لمس سے نبضیں خود راہِ راست پا لیتی ہیں!”
ڈاکٹر اسرار الحق اس تقریب کا مرکز تھے… یا شاید یوں کہیے کہ یہ تقریب خود ان کی دل کی دھڑکن پر چل رہی تھی۔ ان کی سادگی، شائستگی اور وہ مٹھاس جو صرف اپنے فن سے عشق رکھنے والوں کے لہجے میں ہوتی ہیں محفل میں خوشبو کی طرح پھیلی ہوئی تھی۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا:
"دل زندہ ہو تو امیدیں زندہ رہتی ہیں۔ ہم دلوں کو بچاتے ہیں… اور کبھی کبھی دلوں کو جوڑنے کا کام بھی کرتے ہیں۔” یہ محض جملہ نہیں تھا، پورے دس برس کی کہانی کا خلاصہ تھا۔
آج سے ایک دہائی قبل قائم ہونے والا یہ سینٹر آج میلبورن کے تین بڑے کارڈیک اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ اینجیوپلاسٹی سے لے کر جدید ترین روبوٹک سرجری تک دل کا کوئی عمل ایسا نہیں جس کی سہولت یہاں موجود نہ ہو۔ بیرونِ ملک سے منگوائے گئے جدید طبی آلات اور اعلیٰ ترین نظامِ تشخیص نے ہارٹ آف ملبورن کو مثالی ادارہ بنا دیا ہے۔
ہارٹ آف ملبورن کی کامیابی کے سفر میں کئی روشن ستارے شامل ہیں:
Dr Vivek Mutha ڈاکٹر ویوک متھا
ایک شفیق معالج، جو پیچیدہ ترین کارڈیک کیسز میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں۔ مریضوں کی مسکراہٹیں ان کی کامیاب طبی جدوجہد کا ثبوت ہیں۔


Professor Stephen Duffy پروفیسر اسٹیفن ڈفی
عالمی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ، جن کی تحقیق اور تربیت نے ادارے کو بین الاقوامی معیار تک پہنچایا۔
Professor David Hare پروفیسر ڈیوڈ ہیر
کارڈیالوجی کے معتبر نام ان کا تجربہ اور علم اس سینٹر کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ تینوں ستون ہارٹ آف ملبورن کو مہارت، انسان دوستی اور اعتماد کا گھر بناتے ہیں جہاں ہر دل اطمینان پاتا ہے۔
ڈاکٹر پروفیسر اسرار الحق کا خواب صرف طب تک محدود نہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی آسٹریلیا کے کارپوریٹ، انٹرپرینیور شپ اور پروفیشنل میدانوں میں نمایاں مقام حاصل کرے۔
انہوں نے کہا:
"یہاں آسٹریلوی اور چند بھارتی کارپوریٹ سیکٹر میں نمایاں ہیں… مگر پاکستانی نام ابھی اس فہرست میں شامل نہیں۔ لیکن یہ خلا ہم جلد پُر کریں گے۔”
محفل میں موجود پاکستانی ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اس خواب کی تعبیر کا پیش خیمہ تھی۔ خوشگوار گفتگو، سائنسی مباحث، قہقہے، نیم رومانوی روشنی اور مدھم موسیقی… ایسا لگتا تھا کہ اگر کسی کا دل دھڑکنا بھول بھی جاتا تو ایمبولینس کی ضرورت نہ پڑتی
بس کوئی پکار اٹھتا: "ڈاکٹر!” اور ہر سمت سے ماہرینِ قلب لپکتے کہ دل، نفس اور روح تینوں سنبھل جاتے۔
یہ محفل صرف علم کی نہیں تھی یہ مسکراہٹوں، قربت اور اس احساس کی محفل تھی کہ دل چاہے نازک ہو، مگر ڈاکٹر ہمیشہ مضبوط رہتے ہیں۔
ایک دہائی… ایک گواہی، یہ جشن اعتماد کی دہائی کا تھا، خدمت کی دہائی کا اور دلوں کو جوڑنے کی دہائی کا۔
آخر میں دلوں نے واقعی کہا:
"ہم دھڑکتے ہیں… اور خوشی سے دھڑکتے ہیں!”
دعا ہے کہ یہ سفر یوں ہی جاری رہے دس نہیں، بیس، پچاس، سو برس تک۔ جہاں محبت ہو، وہاں دل ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
زندگی… دل بڑا رکھنے کا نام ہے۔ دھڑکنوں کو تیز کرنا نہیں، انہیں متوازن رکھنا اور یہ فن ہارٹ آف ملبورن کے بانی پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق خوب جانتے ہیں۔
-
ایکسکلوسِو2 ہفتے agoسیکرٹری اطلاعات کی پوسٹ کیلئے پانچ افسران کا انٹرویو، طارق خان بھی شامل
-
پاکستان3 ہفتے agoمسلم لیگ (ن) کے رہنما افتخار احمد چیمہ انتقال کر گئے
-
ایکسکلوسِو2 مہینے agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان1 مہینہ agoخدا نخواستہ 600 افراد جاں بحق ہوئے تو لاشیں کہاں ہیں؟،مریم نواز
-
پاکستان2 مہینے agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ٹیکنالوجی2 مہینے agoiOS 26 میں مکمل اردو سپورٹ — iPhone صارفین کے لیے نئی سہولت
-
پاکستان3 ہفتے agoمعصومہء سندھ کے روضہء اطہر کی تعمیر میں تاخیری حربے تشویشناک ہیں، کراچی ایڈیٹر کلب
-
تازہ ترین2 مہینے agoپاکستان کا ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) قائم

