پاکستان
پاکستان اور چین کی دوستی خلا تک پہنچ گئی، ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ نوجوان نسل کی توجہ کا مرکز بن گیا
اسلام آباد (صدائے سچ نیوز) پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اب خلائی تحقیق کے جدید میدان تک پہنچ چکی ہے، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی چینی خلائی مرکز میں تربیت اور خلائی سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز اور قومی فخر ہے۔ ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کے قیام کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوان نسل میں خلائی تحقیق، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ نئی نسل مستقبل میں سائنسی میدان میں آگے بڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کی اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزارت اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
رئیسہ عادل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور خلائی تحقیق کے شعبے میں پیش رفت دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی وسعت کا مظہر ہے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پروگرام سے متعلق سرگرمیوں اور تربیتی مراحل میں شرکت ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’کہکشاں‘‘ پروگرام محض ایک نمائش نہیں بلکہ نئی نسل کو کائنات، چاند، سیاروں اور خلائی تحقیق کی دنیا سے متعارف کرانے کی ایک منفرد کوشش ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے بچوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈاکٹر، انجینئر، سائنس دان اور خلائی تحقیق کے ماہر بن سکتے ہیں۔
پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے مزید کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں کو ستاروں سے آگے جہاں تلاش کرنے کا پیغام دیا تھا۔ آج پاکستانی نوجوانوں کے لیے خلائی تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع اسی خواب کی عملی تعبیر کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔








خلائی دنیا کا منفرد تجربہ، بچوں کی غیر معمولی دلچسپی
پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں قائم ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ گزشتہ چند روز کے دوران شہریوں، طلبہ اور بچوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ مرکز میں خلائی جہاز اور راکٹ کے خصوصی ماڈلز تیار کیے گئے، جنہیں دیکھنے کے لیے بچوں اور اہل خانہ کی بڑی تعداد نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سپارکو کا خصوصی اسٹال بھی قائم کیا گیا جہاں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی جانب سے خلائی مشن کے دوران کیے جانے والے مختلف تجربات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ ورچوئل ریئلٹی ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو خلائی اسٹیشن کا منفرد تجربہ بھی کروایا گیا۔
بچوں کی دلچسپی کو مزید بڑھانے کے لیے ’’جگنو کا سفر، اسپیس تک‘‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام پیش کیا گیا، جبکہ خلائی مشن اور تجربات سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات اور اپ ڈیٹس بھی فراہم کی جاتی رہیں۔
پی آئی ڈی ٹیم کی خدمات کا اعتراف
تقریب کے اختتام پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے ’’کہکشاں‘‘ پروگرام کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران و عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ بھی پیش کی۔
’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ نے بچوں اور نوجوانوں کو خلائی تحقیق کی دنیا سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلائی مستقبل، سائنسی ترقی اور پاک چین دوستی کے نئے امکانات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
-
برطانیہ اور یورپ9 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان9 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان10 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

