پاکستان
روحانیت کی آڑ میں 200 کنال اراضی کا تنازع؟ بری امام ہاؤس کی کہانی اب عدالت کے کٹہرے میں!
تحریر: تنویر حسین
اسلام آباد، بری امام ہاؤس کے گرد گھومتا 200 کنال اراضی کا تنازع ایک مرتبہ پھر اہم موڑ پر پہنچ گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز جج ایاز شوکت نے 16 نومبر 2026 کو بری امام ہاؤس کے نگران محمد اکمل کی درخواست پر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دو سو کنال اراضی پر قائم بری امام ہاؤس کی ملکیت کا ثبوت پانچ دن کے اندر اندر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو پیش کریں، بصورت دیگر سی ڈی اے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ غیر قانونی قبضہ ختم کرنے کا حق رکھتا ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق پانچ روزہ مہلت جمعہ 20 نومبر 2026 کو ختم ہو جائے گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کے بعد سی ڈی اے کی زیرو ٹالرینس پالیسی کیا رنگ لاتی ہے اور بری امام ہاؤس کے مستقبل کا فیصلہ کس سمت میں آگے بڑھتا ہے؟
جب سے سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کے معاملے پر کارروائی شروع کی ہے، تب سے بعض صحافی سوشل میڈیا پر اس کے دفاع میں مختلف مؤقف پیش کر رہے ہیں۔ لنگر اور روحانیت کا حوالہ دے کر اس معاملے کو ایک مذہبی و روحانی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم اس تنازع کے کئی ایسے تاریخی اور انتظامی پہلو ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاملے کے پس منظر اور دستیاب حقائق کو سامنے لایا جائے تاکہ ریکارڈ کی درستگی قائم رہے اور عوام کو بھی اصل صورت حال کا علم ہو سکے۔
بری امام ہاؤس کی بنیاد کیسے پڑی؟
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جہلم سے تعلق رکھنے والے راجہ محمد اکرم مرحوم نے بری امام ہاؤس کی بنیاد اس وقت رکھی جب مزار حضرت بری امام کی تعمیر کے لیے 1978 میں جنرل ضیاء الحق مرحوم نے ایک صدارتی مشاورتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
اس کمیٹی میں کموڈور اعجاز مہدی کا بنیادی کردار بتایا جاتا ہے۔ وہ اس وقت کے مارشل لا دور میں جنرل ضیاء الحق کے شکایات سیل کے انچارج تھے اور ان کا تعلق بھی جہلم سے تھا۔ اسی طرح کمیٹی کے ایک اور رکن، کسٹمز گروپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید ریاض حسین نقوی بھی جہلم سے تعلق رکھتے تھے، جو بعدازاں جنرل پرویز مشرف کے دور میں چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر تعینات رہے۔
یوں ایک جہلمی گروپ اپنے مفادات کے لیے اکٹھا ہوا۔ کمیٹی میں عموماً چیف کمشنر، چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اور دیگر سینئر بااختیار افسران کو شامل کیا جاتا تھا، جہاں سے بھرپور انتظامی سپورٹ حاصل کی جاتی۔
ابتدا میں محکمہ اوقاف وزارت مذہبی امور کے ماتحت تھا، جسے بعد میں وزارت داخلہ کے ماتحت کر دیا گیا۔ لیکن اصل میں مزار کا انتظام تعمیراتی کمیٹی کے حوالے ہو گیا، جس نے اس کے وسائل کو اپنی مرضی سے استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سینکڑوں گدی نشینوں کے دعوے مسترد، بری امام سرکارؒ کا کوئی سجادہ نشین نہیں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد
جنگلات کے دفتر سے بری امام ہاؤس تک کا سفر
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ بری امام ہاؤس کی جگہ پر دو تین کمرے ہوتے تھے، جبکہ کچھ کمرے سی ڈی اے ایوارڈ کے بعد مالک مکان سائیں اللہ داد اور ان کے بھائی نے اکھاڑ لیے تھے۔ ان بقیہ کمروں میں سی ڈی اے کے محکمہ جنگلات کا ایک علاقائی دفتر تھا، جہاں رینج افسر اور فارسٹر عارضی قیام کرتے تھے، جبکہ بشیر احمد نامی محکمہ جنگلات کا ملازم وہاں مستقل رہائش پذیر تھا۔
1973 کے آخر میں جب راجہ اکرم مرحوم بری امام آئے تو چند سال بعد یہ موصوف بھی اسی جنگلات کے دفتر میں فارسٹر بشیر احمد کے ساتھ رہنے لگے۔
1977 میں ضیائی مارشل لا کے بعد مزار بری امام کے لیے کمیٹی کے قیام سے جنگلات کے دفتر میں لوگوں کی آمدورفت شروع ہو گئی۔
بری امام اڈے کا ٹھیکہ کیسے ختم ہوا؟
اس زمانے میں سی ڈی اے بری امام کے اڈے کو سالانہ ٹھیکے پر دیتا تھا۔ سی ڈی اے کی طرف سے ٹھیکیدار کو پابند کیا جاتا تھا کہ اڈے پر کوئی نئی تعمیر نہیں ہو گی۔ لہٰذا اڈے کا وسیع رقبہ خالی ہوتا اور عرس پر لاکھوں زائرین آتے مگر پارکنگ کا مسئلہ نہیں بنتا تھا۔
راجہ اکرم مرحوم نے کمیٹی کی آڑ میں سب سے پہلے اڈے کا سالانہ ٹھیکہ کینسل کروا دیا۔ اس سال ٹھیکہ میرے والد کے نام تھا۔ بہرحال عدالتی حکم امتناعی پر سال گزرا۔ یہ ٹھیکہ غالباً 58 ہزار روپے کا تھا۔
اس کے بعد اڈے پر کمیٹی کے ذریعے راجہ اکرم کا کنٹرول آ گیا اور منظورِ نظر لوگوں کی دکانیں لگوائی گئیں۔ وقت کے ساتھ ان میں اضافہ ہوتا گیا اور یہ تعداد سینکڑوں تک جا پہنچی۔ سی ڈی اے کی زمین پر تجاوزات بڑھتی گئیں۔ ٹھیکے کے خاتمے سے سی ڈی اے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سی ڈی اے کی بری امام ہاؤس گرانے کی تیاریاں، سیاسی سرپرستی اور انتظامی اثر و رسوخ کا مبینہ نیٹ ورک بھی زیرِ تفتیش لانے کا مطالبہ
مزار کی تعمیر، مقامی مزاحمت اور خونی تصادم
اسی دوران مزار بری امام کی تعمیر و توسیع شروع ہوئی تو قبروں کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، جس کی وجہ سے مقامی مزاحمت شروع ہوئی۔
راجہ اکرم نے کمیٹی کی پشت پناہی کی بنا پر لوگوں کو ہراساں کرنے کے لیے تھانے کے ذریعے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔ دیگر لوگوں کے علاوہ کڑال قبیلے کے بعض افراد کے خلاف کسی افسر کو لوٹنے کا جھوٹا مقدمہ بنوایا گیا اور ان پر تشدد کروایا گیا، جو انتہائی ظالمانہ فعل تھا۔
اسی طرح ضیاء الحق کے سیاسی مخالفین، پیپلز پارٹی کے لوگوں کو بھی تھانے تک لے جایا گیا۔ مزار کے احاطے میں نعرہ لگانے پر ملنگوں کو پٹوایا جاتا تھا۔
تشدد کا عمل مزید آگے بڑھا تو راجہ اکرم مرحوم کے فرنٹ مین، جو اڈہ چلاتے تھے، اور سائیں تنویر کے درمیان اڈہ ٹیکس لینے پر جھگڑا ہوا اور پھر سائیں تنویر کو جیل پہنچا دیا گیا۔ سائیں تنویر کی ماں کو تھانے بلوا کر گالیاں دی گئیں اور مختلف مقدمات میں سائیں تنویر کو الجھا دیا گیا۔
سائیں تنویر کئی سال جیل کاٹنے کے بعد رہا ہوئے۔ چند سال انہوں نے اپنا کاروبار کیا۔ اسی دوران بری امام میں ایک شخص کا انتقال ہوا، جس میں شرکت کے لیے راجہ اکرم مرحوم آئے۔ جنازے کے بعد بازار میں سائیں تنویر سے راجہ اکرم مرحوم کا سامنا ہوا تو سائیں تنویر نے اپنی کلاشنکوف کی گولیوں سے راجہ اکرم کو اپنے انتقام کی بھینٹ چڑھا دیا۔ اس محاذ آرائی کے نتیجے میں مزید آٹھ لوگ بھی لقمہ اجل بنے۔ یہ کہانی 2005 میں ختم ہوتی ہے۔
مقامی آبادی اور غیر مقامی افراد کی آبادکاری
مقامی لوگ راجہ اکرم مرحوم کی بالادستی کے شروع سے خلاف رہے۔ اس مخالفت کو کاؤنٹر کرنے کے لیے راجہ اکرم نے غیر مقامی لوگوں کو سی ڈی اے کی زمین پر آباد کرنے میں مدد فراہم کی تاکہ مقامی اکثریت کو اقلیت میں بدلا جائے۔
یوں اربوں روپے کی زمین پر قبضہ کرانے میں راجہ اکرم مرحوم شامل رہے۔ مقامی سطح پر لوگوں کو آپس میں تقسیم کرنے میں بھی موصوف نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
یہ بری امام سرکار کے مزار کی برکت رہی کہ مقامی لوگ آپس میں اختلاف کے باوجود نہیں لڑتے۔
200 کنال اراضی اور بری امام ہاؤس کی توسیع
راجہ اکرم مرحوم نے کمیٹی کی چھتری کے نیچے انتظامی طاقت کے زور پر اپنے قیام کی جگہ کو وسعت دیتے ہوئے 200 کنال سے زیادہ رقبے پر پھیلا دیا اور گیٹ پر بری امام ہاؤس کا بورڈ نصب کر دیا۔
راجہ اکرم مرحوم کی روحانیت کے سبب 48 سال سے سی ڈی اے کا ٹھیکہ منسوخ ہونے کے نتیجے میں اربوں روپے کی پھکی حکومت کو ملی۔
محکمہ اوقاف کے ملازمین اور کمیٹی کی کارکردگی پر سوالات
اطلاعات کے مطابق کمیٹی کی آڑ میں محکمہ اوقاف کے ملازمین مزار پر ڈیوٹیاں ادا کرنے کی بجائے گزشتہ تقریباً 30 برس سے بری امام ہاؤس میں کام کرتے آ رہے ہیں، جن کی تنخواہیں محکمہ اوقاف سے ادا ہو رہی ہیں۔
بری امام کے مزار اور بری امام ہاؤس کی توسیع کا دورانیہ ایک ہی ہے اور گزشتہ 48 سال سے مزار حضرت بری امام کا تعمیراتی کام جاری ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار صاحب کی سربراہی میں چار سال سے مزار کی کمیٹی بنی ہوئی ہے۔ صرف بری امام ہاؤس میں عرس کے نام پر اشرافیہ کا اکٹھ کرنے کے علاوہ زیرو کارکردگی ہے۔
یہ واحد کمیٹی ہے جس میں محکمہ اوقاف کا وزیر ممبر نہیں بن سکتا، جیسے سابقہ سجادہ نشینوں میں سے کوئی ممبر نہیں بن سکتا۔
یہ مزارات قبضہ مافیا ہے، جس نے بری امام کے علاوہ دیگر مزارات پر بھی ہاتھ رکھا ہوا ہے۔ تحقیقات کی ضرورت ہے کہ ایسے کون سے مقاصد ہیں جن کے لیے نام نہاد خادمیت کی گودڑی پہننے کی ضرورت ہے اور مزارات پر کنٹرول حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔
راجہ اکرم کے بعد راجہ سرفراز اکرم کا کردار
راجہ اکرم مرحوم کی وفات کے بعد سے راجہ سرفراز اکرم بری امام ہاؤس کے قابض بلاشرکت غیرے ہیں، جو محسن نقوی صاحب کی زیرو ٹالرینس پالیسی کی بھینٹ چڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سرفراز اکرم کی پہچان ان کے آبائی علاقے جہلم سے زیادہ بری امام کے ذریعے بنی ہے، جس میں ان کے چچا راجہ اکرم کا بڑا کردار ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ تیس سالوں میں ان کے خاندان کے پاس دولت بڑی تیزی سے آئی۔ لہٰذا وہ بری امام ہاؤس پر اپنا قبضہ بچانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لانے کی کوشش کریں گے۔
بہرحال بری امام ہاؤس کے مستقبل کے لیے یہ ہفتہ بڑا اہم ہے۔
لنگر کا پروپیگنڈا اور اصل تاریخی حقائق
لنگر کا پروپیگنڈا بعض صحافیوں نے کچھ ضرورت سے زیادہ ہی اچھالا ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ 1960 میں ملک بھر کے مزارات کو حکومت نے اپنی تحویل میں لیا، جن کی دیکھ بھال کے لیے محکمہ اوقاف بنایا گیا۔
اس سے پہلے مزار حضرت بری امام کا انتظام و انصرام سجادہ نشینوں کے پاس ہوتا تھا۔ مزار کی آمدن تین حصوں میں تقسیم کی جاتی تھی۔ ایک حصہ زائرین کے لنگر پر خرچ کیا جاتا تھا، دوسرا حصہ مزار کی تعمیر و مرمت کے لیے مختص ہوتا تھا اور تیسرا حصہ سجادہ نشین خاندان آپس میں بانٹ لیتا تھا۔
اس زمانے میں نذرانہ یا نیاز کرنسی کی بجائے اجناس کی صورت میں ہوتی تھی۔ لہٰذا اوقاف کی ذمہ داری ہے کہ مزار کی آمدن سے زائرین کے لنگر کا انتظام کرے۔
مزار کے اندر زائرین خود بھی لنگر پکوا کر سارا دن تقسیم کرتے رہتے ہیں، لیکن اس کا ذکر نہیں کیا جاتا۔
راجہ سرفراز اکرم سے اگر بری امام میں لنگر تقسیم کرنے کا موقع چھین لیا جاتا ہے تو کارِ خیر کے لیے کسی محل وقوع کی قید نہیں ہوتی۔ لنگر اور زائرین کی خدمت کا سلسلہ کسی بھی مناسب جگہ سے جاری رکھا جا سکتا ہے۔
20 نومبر کے بعد کیا ہوگا؟ بری امام ہاؤس کے مستقبل کا فیصلہ کن مرحلہ
بری امام ہاؤس کا معاملہ اب ایک اہم قانونی اور انتظامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ایک طرف 200 کنال اراضی کی ملکیت کا سوال ہے تو دوسری طرف مزار کی انتظامیہ، محکمہ اوقاف کی ذمہ داریاں، لنگر کا نظام اور سی ڈی اے کے اختیارات زیر بحث ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے پانچ روز میں ملکیت کے ثبوت پیش کرنے کا حکم اس پورے معاملے میں اہم پیش رفت ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا مقررہ مدت کے اندر ملکیت کے دستاویزی ثبوت پیش کیے جاتے ہیں؟ کیا سی ڈی اے اپنی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت عملی کارروائی کرتا ہے؟ اور کیا بری امام ہاؤس کے انتظامی معاملات کی شفاف تحقیقات کا آغاز ہوتا ہے؟
یہ تمام سوالات آنے والے دنوں میں اہمیت اختیار کریں گے۔
بری امام سرکار کے مزار سے عقیدت رکھنے والے لاکھوں زائرین کے لیے سب سے اہم بات یہی ہے کہ مزار کا تقدس، زائرین کی سہولت، لنگر کا انتظام اور سرکاری زمین کا قانونی تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
بری امام ہاؤس کی 48 سالہ کہانی اب ایک نئے موڑ پر کھڑی ہے۔ جمعہ 20 نومبر 2026 کے بعد ہونے والی پیش رفت یہ طے کرے گی کہ اس طویل تنازع کا اگلا باب کیا رخ اختیار کرتا ہے۔
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان

