پاکستان
چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کا دورہ روم، اوورسیز پاکستانی ورکرز کے سماجی تحفظ کے لیے جامع نظام کی ضرورت پر زور
روم (صداۓ سچ نیوز) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایات پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد اٹلی کے شہر روم کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں انہوں نے گلوبل اسکلز پارٹنرشپ (GSP) اکیڈمی کے تحت منعقدہ بین الاقوامی مشاورتی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی ورکرز کی فلاح و بہبود، سماجی تحفظ اور حقوق کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
اپنے خطاب میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ نظام کو مزید وسعت دینے اور ایک جامع سوشل پروٹیکشن فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ اوورسیز پاکستانی ورکرز کا تحفظ صرف موت اور معذوری کی صورت میں مالی معاونت تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں صحت، پنشن، بے روزگاری، ریٹائرمنٹ اور دیگر ہنگامی حالات میں بھی مؤثر تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) اور لازمی انشورنس کا نظام موجود ہے، تاہم بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیش نظر اس نظام کو مزید جامع اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
ذوالفقار احمد نے مجوزہ مائیگرنٹ ورکرز پروٹیکشن فنڈ کے قیام کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ کے ذریعے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کے لیے ایک ایسا جامع سماجی تحفظ کا نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جس میں ورکرز، آجر اور متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ اس نظام میں پنشن، ریٹائرمنٹ فوائد، صحت کی سہولیات، بے روزگاری انشورنس، موت و معذوری کی صورت میں مالی تحفظ اور ورکرز کے بچوں کے لیے تعلیمی معاونت جیسے اقدامات شامل ہونے چاہئیں۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو فلاحی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن، ورکرز ویلفیئر فنڈ، بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے درمیان مربوط نظام اور مشترکہ ڈیٹا بیس قائم کیا جانا چاہیے تاکہ مستحق ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بیرون ملک دورانِ ملازمت کسی پاکستانی ورکر کی وفات یا معذوری کی صورت میں اس کے خاندان کو مالی معاونت کے حصول کے لیے پیچیدہ طریقہ کار سے نہ گزرنا پڑے۔ دعووں کے اندراج اور ان کی پیش رفت جاننے کے لیے آسان، شفاف اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جانا چاہیے۔
ذوالفقار احمد نے کہا کہ بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے پاکستانی ورکرز کی مہارتوں اور تجربے سے قومی معیشت کو فائدہ پہنچانے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ ان کے بیرون ملک حاصل کردہ تجربے اور فنی مہارتوں کی تصدیق و سرٹیفکیشن، مقامی صنعتوں میں روزگار کے مواقع اور کاروبار کے فروغ کے لیے معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ لیبر اور سوشل سکیورٹی معاہدوں میں پنشن اور سماجی تحفظ کے فوائد کی منتقلی کو بھی شامل کرنا چاہیے تاکہ پاکستانی ورکرز کی بیرون ملک جمع شدہ پنشن اور دیگر سماجی تحفظ کے حقوق وطن واپسی یا ملازمت کی تبدیلی کی صورت میں بھی محفوظ رہیں۔
سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اپنے وسیع ادارہ جاتی تجربے، فلاحی خدمات کے نظام اور مالی استعداد کے ذریعے مجوزہ مائیگرنٹ ورکرز پروٹیکشن فریم ورک کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے کسی بھی ممکنہ اشتراک کے لیے قانونی، مالی اور ادارہ جاتی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ ضروری ہوگا، جبکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے موجودہ قانونی فرائض اور محنت کشوں کے لیے مختص وسائل کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اسلام آباد میں گلوبل اسکلز پارٹنرشپ کے لیے ایک dedicated اور بااختیار سیکرٹریٹ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جو عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات، ہنرمندی کی ترقی، بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور بیرون ملک روزگار کے مواقع کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ذوالفقار احمد نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف اپنے شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنا نہیں بلکہ ان کی روانگی سے لے کر دورانِ ملازمت، ریٹائرمنٹ اور وطن واپسی کے بعد دوبارہ معاشی و سماجی بحالی تک ہر مرحلے پر ان کا تحفظ یقینی بنانا ہونا چاہیے۔ ایک مربوط اور جامع نظام کے ذریعے ہی پاکستانی محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کو حقیقی معنوں میں سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

