پاکستان
راولپنڈی تا خوشاب روٹ پر ٹرانسپورٹرز کی مبینہ لوٹ مار، عوام کی جیبوں پر ڈاکے، متعلقہ ادارے خاموش تماشائی
راولپنڈی (صدائے سچ نیوز) راولپنڈی سے خوشاب اور گردونواح کے علاقوں کو جانے والے مسافروں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا سفر مسلسل مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ غوثیہ اڈہ سے میانی، بوچھال، پیل، پدھراڑ، کلرکہار، جوہرآباد اور خوشاب جانے والی گاڑیوں میں مبینہ طور پر من مانے کرایوں کی وصولی نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ مسافروں کا الزام ہے کہ ٹرانسپورٹرز کھلے عام ان کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں، جبکہ کرایوں کو کنٹرول کرنے کے ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
عوامی حلقوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA)، سیکرٹری آر ٹی اے، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آخر اس اہم روٹ پر سرکاری کرایوں کی پابندی کیوں یقینی نہیں بنائی جا رہی؟ مسافروں کی شکایات کے باوجود اگر متعلقہ ادارے کارروائی نہیں کر رہے تو اس کی وجوہات بھی عوام کے سامنے آنی چاہئیں۔ بعض شہریوں نے متعلقہ حکام اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مبینہ ملی بھگت کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز کرائے کم کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے، لیکن قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوتے ہی کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ یوں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو دوہری مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق سفر اب ایک بنیادی ضرورت کے بجائے مہنگا بوجھ بنتا جا رہا ہے، لیکن ان کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔
یہ روٹ محض ایک عام سفری راستہ نہیں بلکہ خوشاب اور اس سے ملحقہ وسیع علاقے کی راولپنڈی اور اسلام آباد سے رابطے کی اہم گزرگاہ ہے۔ پیرودھائی موڑ کے قریب غوثیہ اڈہ سے تقریباً ہر آدھے گھنٹے بعد جوہرآباد اور خوشاب کے لیے گاڑی روانہ ہوتی ہے، جس کے ذریعے خوشاب کے مختلف علاقوں کے ہزاروں افراد سفر کرتے ہیں۔ موٹروے کے راستے کلرکہار انٹرچینج سے اترنے والی یہ گاڑیاں کلرکہار، میانی اڈہ، پیل، پدھراڑ، بوچھال اور وادی ونہار کے دیگر علاقوں کو سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔
اس روٹ پر سرکاری و نجی ملازمین، کاروباری افراد، دفاعی اداروں سے وابستہ اہلکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد سفر کرتی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں وفاقی و صوبائی محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کے علاوہ کلرکہار کے صنعتی علاقوں اور سیمنٹ فیکٹریوں میں ملازمت کرنے والے افراد بھی اسی ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتے ہیں۔
جمعرات اور جمعہ کو آبائی علاقوں میں جانے والے مسافروں جبکہ اتوار کی شام اور پیر کی صبح واپس آنے والوں کی وجہ سے ان گاڑیوں میں غیر معمولی رش ہوتا ہے۔ ایسے میں ٹرانسپورٹرز کی مبینہ من مانیوں اور زائد کرایوں کی وصولی سے مسافروں کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔ خاص طور پر ہفتہ وار سفر کرنے والے ملازمین کے لیے اضافی کرایوں کی ادائیگی ایک مستقل مالی پریشانی بن چکی ہے۔
عوامی حلقوں نے کمشنر راولپنڈی، وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غوثیہ اڈہ اور متعلقہ روٹس پر کرایوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے۔ تمام روٹس کے لیے سرکاری کرایہ نامے جاری کرکے اڈوں اور گاڑیوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں، جبکہ مقررہ کرائے سے زائد وصولی کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور اڈہ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اگر متعلقہ سرکاری اہلکاروں کی غفلت، فرائض سے کوتاہی یا کسی قسم کی مبینہ ملی بھگت ثابت ہو تو ان کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ محض رسمی اعلانات، نوٹسز اور کاغذی کارروائی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلکہ عملی اقدامات اور مسلسل نگرانی ضروری ہے۔
عوام کا سوال ہے کہ آخر کب تک مسافر اپنی محنت کی کمائی من مانے کرایوں کی صورت میں ادا کرتے رہیں گے؟ کمشنر راولپنڈی اور وزیراعلیٰ پنجاب اس اہم عوامی مسئلے کا نوٹس لے کر ایسی مؤثر کارروائی یقینی بنائیں جس کا نتیجہ سڑکوں اور اڈوں پر نظر آئے اور مسافروں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان10 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان8 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان

