Connect with us

تازہ ترین

انجینیئرز کے ساتھ مہکتی شام

Nisar Hussain

خوش گوار محفل سے اجتماعی کامیابی کے نئے امکانات تک

تحریر: نثار حسین

انجینیئر کا کام صرف عمارتیں کھڑی کرنا، مشینیں بنانا یا پیچیدہ مسائل کا تکنیکی حل تلاش کرنا نہیں ہوتا۔ وہ دراصل خیال کو حقیقت، تصور کو تخلیق اور سوال کو جواب میں ڈھالنے کا ہنر جانتا ہے۔ اس کی دنیا تحقیق، مشاہدے، حساب اور منطق کے گرد گھومتی ہے۔ بظاہر وہ اپنے کام میں اس قدر محو دکھائی دیتا ہے جیسے جذبات سے زیادہ فارمولوں سے شناسائی رکھتا ہو، لیکن زندگی کا ایک دوسرا رخ بھی ہے۔

یہی انجینیئر جب پیشہ ورانہ مصروفیات سے نکل کر دوستوں اور ہم وطنوں کے درمیان بیٹھتا ہے تو اس کی شخصیت کا خوش گوار، زندہ دل اور اپنائیت سے بھرپور پہلو بھی سامنے آتا ہے۔ کچھ ایسا ہی منظر آسٹریلیا میں پاکستانی انجینیئرز نیٹ ورک کے سالانہ ڈنر میں دیکھنے کو ملا، جہاں حساب کتاب اور تکنیکی مہارت کی دنیا سے نکل کر تخلیقی ذہن مسکراہٹوں، قہقہوں اور بے تکلف گفتگو کی محفل میں یکجا تھے۔

قوموں کا تعارف صرف ان کے نام، پرچم اور تاریخ کے اوراق سے نہیں ہوتا؛ ان کی اصل پہچان دنیا کے مختلف گوشوں میں آباد وہ لوگ بنتے ہیں جو اپنی صلاحیت، کردار، علم اور پیشہ ورانہ مہارت سے نہ صرف اپنے لیے مقام پیدا کرتے ہیں بلکہ اپنے وطن کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔ دیارِ غیر میں جب کسی قوم کے افراد اپنی محنت اور قابلیت سے اعتماد، احترام اور اعتبار حاصل کرتے ہیں تو درحقیقت وہ اپنی تہذیب، تربیت اور قومی شناخت کا تعارف بھی دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہوتے ہیں۔

آسٹریلیا میں پاکستانی کمیونٹی کا سفر بھی اسی جدوجہد، عزم اور کامیابی کی دل نشیں داستان ہے۔ ہجرت کے کٹھن مراحل، نئے معاشرے کے تقاضوں اور پیشہ ورانہ زندگی کے چیلنجز سے گزرتے ہوئے پاکستانیوں نے طب، انجینیئرنگ، تعلیم، تحقیق، اکاؤنٹنگ اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ کہیں اسپتالوں میں انسانی خدمت کا جذبہ نمایاں ہے، کہیں جامعات اور تحقیقی اداروں میں علم و دانش کی روشنی بکھر رہی ہے اور کہیں انجینیئرنگ کے میدان میں پاکستانی ذہانت آسٹریلیا کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

یہ کامیابیاں صرف انفرادی پیش رفت نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کے لیے اجتماعی شناخت اور افتخار کا سرمایہ ہیں۔تاہم کسی بھی کمیونٹی کی اصل قوت صرف اس کے کامیاب افراد کی تعداد سے نہیں، بلکہ اس صلاحیت سے پہچانی جاتی ہے کہ وہ انفرادی کامیابیوں کو اجتماعی قوت، باہمی تعاون اور آنے والی نسلوں کے لیے نئے مواقع میں کس طرح تبدیل کرتی ہے۔ یہ وہ سوچ ہے جو ذاتی اعزاز کو اجتماعی اثاثہ بنا دیتی ہے اور انفرادی کامیابی کو دوسروں کے لیے راستہ دکھانے کا ذریعہ بناتی ہے۔

پاکستانی انجینیئرز نیٹ ورک آسٹریلیا کے ڈنر میں اسی اجتماعی احساس، باہمی ربط اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کی خوب صورت جھلک دیکھنے کو ملی۔ ایک چھت تلے مختلف شعبہ ہائے انجینیئرنگ سے وابستہ پاکستانی ماہرین، ان کے اہلِ خانہ اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کا اجتماع ایک رسمی تقریب نہیں تھا بلکہ علم، تجربے، کامیابیوں اور مشترکہ شناخت کے اظہار کا ایک بامعنی موقع بن گیا۔ چہروں پر اپنائیت، گفتگو میں پیشہ ورانہ تجربات کی جھلک اور ملاقاتوں میں وطن سے جڑے رشتوں کی حرارت اس شام کو خاص معنویت عطا کر رہی تھی۔
شرکاء کی گفتگو ماضی کی کامیابیوں تک محدود نہیں رہی۔ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے، نئے روابط قائم کرنے اور مستقبل میں کچھ بہتر کرنے کی خواہش بھی نمایاں تھی۔ عام تاثر ہے کہ انجینیئر قدرے خشک مزاج ہوتے ہیں، مگر اس محفل میں قہقہے بھی تھے، بے تکلف گفتگو بھی اور دوستی و اپنائیت کی خوشبو بھی۔ یوں محسوس ہوا کہ جو لوگ زندگی کے پیچیدہ مسائل کا حل تلاش کرنے کا ہنر رکھتے ہیں، وہ زندگی کو مسکراہٹوں کے ساتھ جینا بھی خوب جانتے ہیں۔

آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت اور قونصل جنرل واجد حسن ہاشمی کی شرکت نے اس اجتماع کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا۔ تقریب میں شریک انجینیئرز کی اکثریت ایسے پیشہ ور افراد پر مشتمل تھی جنہوں نے اعلیٰ تعلیم، میرٹ، تجربے اور امیگریشن کے باقاعدہ مراحل سے گزر کر آسٹریلیا میں اپنی جگہ بنائی۔ ان کی موجودگی اس حقیقت کی عکاس تھی کہ پاکستانی صلاحیتیں جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں۔ انہیں سازگار مواقع اور اپنی قابلیت کے اظہار کا میدان میسر آئے تو وہ دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

ہائی کمشنر عرفان شوکت نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ آسٹریلیا میں پیشہ ورانہ مقام حاصل کرنے والے پاکستانیوں کو اپنے اساتذہ، تعلیمی اداروں اور وطن کے کردار کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقام تک پہنچنے میں ان اساتذہ کی محنت اور رہنمائی بھی شامل ہے جنہوں نے اپنے علم اور وقت سے نئی نسل کی تربیت کی۔ اب کامیاب پیشہ ور افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تجربات نئی نسل تک منتقل کریں، پاکستان سے آنے والے نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور ان کے لیے آگے بڑھنے کے راستے آسان بنائیں۔

پاکستانی پیشہ ور افراد کی آسٹریلیا میں موجودگی اب چند انفرادی مثالوں تک محدود نہیں رہی۔ آسٹریلوی محکمہ داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق 30 جون 2024 تک پاکستان میں پیدا ہونے والے ایک لاکھ 34 ہزار 720 افراد آسٹریلیا میں مقیم تھے، جو 2014 کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ تعداد تھی۔

اسی طرح 2024-25 کے ہنرمند امیگریشن سے متعلق اعدادوشمار میں پاکستانی درخواست گزاروں کے نمایاں پیشوں میں ڈاکٹرز، اکاؤنٹنٹس اور انجینیئرز بھی شامل ہیں۔ یہ اعدادوشمار اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستانی افرادی قوت آسٹریلیا کی پیشہ ورانہ اور معاشی زندگی میں قابلِ ذکر کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب میں پاکستانی انجینیئرز نیٹ ورک آسٹریلیا کے صدر وقار بٹ، سیکریٹری، ایگزیکٹو ٹیم کے ارکان اور ڈائریکٹر جیوپورٹ قیصر حیات کی گفتگو سے یہ احساس نمایاں تھا کہ تنظیم کو صرف تقریبات کے انعقاد تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مؤثر پیشہ ورانہ پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

قیصر حیات نے 2014 کے تناظر میں آسٹریلیا میں انجینیئرز کی ضرورت اور پاکستان میں انجینیئرز کی بے روزگاری کا حوالہ دیتے ہوئے ایک اہم نکتے کی طرف توجہ دلائی۔ عالمی منڈی میں مواقع کی موجودگی اپنی جگہ، لیکن صرف ڈگری اور تجربہ ہی کافی نہیں ہوتے۔ ان مواقع تک رسائی کے لیے درست رہنمائی، پیشہ ورانہ تیاری اور متعلقہ نظام سے آگاہی بھی ضروری ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستانی انجینیئرز نیٹ ورک کا کردار غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔

تنظیم ایک ایسے رہنما پلیٹ فارم کی صورت اختیار کر سکتی ہے جو پاکستانی انجینیئرز کو ڈگری اسیسمنٹ (CDR)، پیشہ ورانہ رجسٹریشن اور چارٹرڈ اسٹیٹس (Chartered Status) کے حصول کے مراحل سمجھنے میں مدد دے۔ اس مقصد کے لیے Engineers Australia کے ساتھ ادارہ جاتی رابطے، معلوماتی سیشنز اور منظم جاب نیٹ ورک کا قیام ناگزیر ہے۔اس کے ساتھ آسٹریلوی انجینیئرنگ کمپنیوں، تعمیراتی اداروں، کنسلٹنسی فرمز، توانائی کے شعبے اور صنعتی اداروں سے روابط استوار کیے جائیں۔

سینئر انجینیئرز کو نئے آنے والوں اور نوجوان گریجویٹس کے ساتھ منسلک کرکے باقاعدہ مینٹورشپ پروگرام شروع کیے جائیں، جن کے ذریعے انہیں آسٹریلوی ورک کلچر، پروجیکٹ مینجمنٹ اور پیشہ ورانہ ترقی کے عملی تقاضوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ اسی طرح آسٹریلیا میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ، تازہ فارغ التحصیل انجینیئرز اور نئے تارکین وطن کے لیے انٹرن شپ، انڈسٹری پلیسمنٹ اور کیریئر گائیڈنس کے مواقع پیدا کرنا بھی تنظیم کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

اس پورے عمل میں پاکستانی ہائی کمیشن اور قونصل خانے بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سفارتی مشنز کی ذمہ داریاں صرف قومی دنوں کی تقریبات، استقبالیوں اور رسمی ملاقاتوں تک محدود نہیں ہونی چاہئیں۔ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو منظم کرنا، انہیں باہم مربوط کرنا اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان علمی، صنعتی اور معاشی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنا بھی سفارتی کردار کا اہم حصہ بن سکتا ہے۔

ہائی کمیشن کی سرپرستی میں مختلف پاکستانی انجینیئرنگ تنظیموں کے درمیان رابطہ کاری ہو تو منتشر صلاحیتوں کو ایک مربوط قومی پیشہ ورانہ قوت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

میری نظر میں پاکستانی انجینیئرز کی تنظیموں کو سالانہ بنیادوں پر Pakistan Engineers in Australia Professional Summit کا انعقاد کرنا چاہیے۔ یہ ایسا پلیٹ فارم ہو جہاں آسٹریلوی حکومت، صنعتی اداروں، جامعات، پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستانی و آسٹریلوی انجینیئرز کو ایک میز پر جمع کیا جائے۔ اس کا مقصد محض کامیابیوں کا اعتراف یا باہمی ملاقاتیں نہ ہوں بلکہ پیشہ ورانہ روابط، ملازمتوں کے مواقع، تحقیق، صنعتی تعاون اور نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے قابلِ پیمائش نتائج حاصل کرنا ہو۔

پاکستانی انجینیئرز نیٹ ورک آسٹریلیا کے پاس ایک ایسا موقع موجود ہے جسے سالانہ ڈنر کی خوش گوار روایت تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اسے عملی معاونت، رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے ایک مؤثر مشن میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے؛ ایسا مشن جو نئے آنے والوں کا ہاتھ تھامے، نوجوانوں کو راستہ دکھائے، سینئرز کے تجربے کو اجتماعی سرمایہ بنائے اور آسٹریلوی اداروں تک پاکستانی صلاحیتوں کی رسائی آسان کرے۔ اس مقصد کے لیے ہائی کمیشن کی سرپرستی، تنظیم کی سنجیدہ قیادت اور کمیونٹی کا اعتماد، تینوں کا یکجا ہونا ضروری ہے۔

شاید انجینیئرز کا اصل کمال بھی یہی ہے کہ وہ صرف عمارتیں اور منصوبے تعمیر نہیں کرتے بلکہ امکانات کو حقیقت میں بدلنے کا ہنر بھی رکھتے ہیں۔ اور جب یہ ہنر اجتماعی بھلائی کے لیے بروئے کار آئے تو اس کی تعمیر کسی عمارت سے کہیں زیادہ پائیدار ہوتی ہے۔ کیونکہ قوموں کی پہچان صرف ان کے کامیاب افراد سے نہیں بنتی، بلکہ اس بات سے بنتی ہے کہ وہ افراد ایک دوسرے کے لیے کتنے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ یہی اجتماعی احساس کسی کمیونٹی کا اصل سرمایہ اور آسٹریلیا میں پاکستان کا روشن تعارف ہے۔

یہ بھی پڑھیں

Journalist Soban Iftikhar Raja Journalist Soban Iftikhar Raja
پاکستان3 گھنٹے ago

صحافی ثوبان افتخار راجہ کا نام فورتھ شیڈول میں شامل، صحافتی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ

اسلام آباد (صدائے سچ نیوز) بین الاقوامی نشریاتی ادارے اردو نیوز سے منسلک نوجوان صحافی ثوبان افتخار راجہ کا نام...

islamabad-security islamabad-security
پاکستان4 گھنٹے ago

اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، راستوں پر چیکنگ سخت

اسلام آباد (صداۓ سچ نیوز) اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے...

Kalar kahar region Kalar kahar region
پاکستان4 گھنٹے ago

سردار ذوالفقار علی خان کی سیاسی و سماجی شخصیت ملک فور دل کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

کلر کہار( صدائے سچ) پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان، راجہ...

Petrol and Diesel Prices Petrol and Diesel Prices
پاکستان4 گھنٹے ago

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

کراچی (صداۓ سچ نیوز) حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔ اوگرا کی جانب سے جاری...

Missiles Missiles
تازہ ترین4 گھنٹے ago

ایران کے جزیرہ قشم میں امریکا کا میزائل حملہ

تہران (صداۓ سچ نیوز) ایران کے جزیرہ قشم میں امریکا نے میزائل حملہ کیا ہے، میزائل حملے میں تاحال نقصان...

musadik-malik musadik-malik
پاکستان5 گھنٹے ago

وفاقی وزیر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گیا

نئی دلی (صداۓ سچ نیوز) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد شنگھائی تعاون...

smog-in-lahore smog-in-lahore
تازہ ترین5 گھنٹے ago

اسموگ کے موسم میں پھیپھڑوں اور قوتِ مدافعت کا خیال کیسے رکھیں؟ مفید غذائیں کون سی ہیں؟

فضائی آلودگی انسانی صحت، بالخصوص پھیپھڑوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ ایسے میں صرف صاف ماحول ہی نہیں...

islamabad (2) islamabad (2)
پاکستان5 گھنٹے ago

قرآنی معاہدات کا نظام قانون، انصاف اور معاشرتی ذمہ داریوں کی بنیاد ہے، مقررین

اسلام آباد (صداۓ سچ نیوز) مقررین نے کہا ہے کہ قرآن مجید میں بیان کردہ عہد و پیمان کا نظام...

Ahsan Tahir, Rabia Ahsan Murder Case. Ahsan Tahir, Rabia Ahsan Murder Case.
پاکستان5 گھنٹے ago

ربیعہ احسن قتل کیس، نامزد ملزم احسن طاہر اڈیالہ جیل سے رہا

راولپنڈی (صداۓ سچ نیوز) ربیعہ احسن قتل کیس میں ملزم احسن طاہر کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ ...

firingpunjabpolice firingpunjabpolice
پاکستان5 گھنٹے ago

کراچی میں ملزم کی گرفتاری کیلیے پنجاب سے آئی پولیس پارٹی پر فائرنگ سے اے ایس آئی زخمی، ایک جاں بحق

کراچی (صداے سچ نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں قائم خادم سولنگی گوٹھ میں ملزم کی گرفتاری کیلیے...

Trending