پاکستان
مضبوط خاندان، بااختیار خواتین اور مربوط معاشرے پُرامن پاکستان کی بنیاد ہیں، نادر گل بڑیچ
اسلام آباد (صدائے سچ نیوز) پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ نے کہا ہے کہ مضبوط خاندان، بااختیار خواتین اور مربوط معاشرے ایک پُرامن، جامع اور تشدد سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
پی پی اے ایف اقوام متحدہ کی جانب سے صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی مہم کے تحت 25 نومبر سے 10 دسمبر 2026 تک ملک کے 126 اضلاع میں 396 کمیونٹی تقریبات منعقد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
’’مضبوط خاندان، مضبوط معاشرے کی بنیاد‘‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی یہ ملک گیر مہم چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں جاری رہے گی، جس کا مقصد نقصان دہ سماجی روایات کو چیلنج کرنا، صنفی مساوات کو فروغ دینا اور آگاہی، مکالمے اور رویوں میں مثبت تبدیلی کے ذریعے معاشرتی استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔
نادر گل بڑیچ نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے صرف تشدد کے واقعات کے بعد اقدامات کرنا کافی نہیں بلکہ ان بنیادی رویوں، طرزِ عمل اور عدم مساوات کا خاتمہ بھی ضروری ہے جو امتیازی سلوک، سماجی محرومی اور صنفی بنیاد پر تشدد کو جنم دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاندان سماجی تبدیلی کی بنیادی اکائی ہے، جہاں باہمی احترام، مساوات، برداشت اور مشترکہ ذمہ داری کے اقدار پروان چڑھتے ہیں۔ ان کے مطابق دُخترانِ پاکستان مہم کا مقصد خاندانی نظام کو مضبوط بنانے، خواتین کو بااختیار کرنے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے اور معاشرے میں عزت و وقار اور عدم تشدد کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹیز کو متحرک کرنا ہے۔
مہم کے پس منظر اور حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پی پی اے ایف کی جانب سے ’’غربت سے خوشحالی تک‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے جامع اور مستحکم معاشی بااختیاری و ترقی کے نتائج اور سفارشات کی روشنی میں ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں اہم اسٹیک ہولڈرز نے غربت کے پائیدار خاتمے، جامع معاشی ترقی اور کمیونٹی کی استعدادِ کار بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کی شمولیت، سماجی ہم آہنگی اور مساوی مواقع کو قومی ترقی کے اہم محرکات قرار دیا گیا۔
نادر گل بڑیچ نے بتایا کہ پی پی اے ایف اس ملک گیر مہم کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور حکومت آزاد جموں و کشمیر کے اشتراک سے عملی جامہ پہنائے گا۔
اس مہم کے اہم شراکت داروں میں وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، وزارتِ انسانی حقوق، وزیراعظم یوتھ پروگرام، دُخترانِ پاکستان، انتہا پسندی کے انسداد کے لیے صوبائی مراکزِ امتیاز اور پی پی اے ایف کی ملک بھر میں شراکت دار تنظیموں کا نیٹ ورک شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی پی اے ایف کا پختہ یقین ہے کہ سماجی ہم آہنگی، معاشی خودمختاری اور مساوی مواقع غربت کے پائیدار خاتمے اور قومی ترقی کے باہم مربوط ستون ہیں۔
مہم کے تحت خاندانوں، خواتین، نوجوانوں، کمیونٹی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کو سماجی و رویہ جاتی تبدیلی سے متعلق سرگرمیوں، آگاہی نشستوں اور کمیونٹی مکالموں میں شامل کیا جائے گا تاکہ نقصان دہ روایات، امتیازی رویوں اور سماجی محرومی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جا سکیں۔
خاندانی فلاح و بہبود پر مہم کی توجہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے تحت والدین کی تربیت اور بچوں کی پرورش، خاندانی تعلقات، کمیونٹی اور مذہبی رہنماؤں کی شمولیت، نوجوانوں کی شرکت، صنفی مساوات، مثبت مردانہ کردار اور خواتین کی معاشی خودمختاری سمیت 12 موضوعاتی شعبوں پر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران والدین کی تربیت اور خاندانی فلاح و بہبود کے حوالے سے 104 نشستیں، کمیونٹی اور مذہبی رہنماؤں کی شمولیت کے لیے 84 سیشنز جبکہ صنفی مساوات اور مثبت مردانہ کردار کے موضوع پر 54 مکالمے منعقد کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے مشترکہ ذمہ داریوں کے تصور کو فروغ دینے، خاندانی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مردوں، خواتین اور نوجوانوں کو زیادہ باعزت اور جامع معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پی پی اے ایف کے سربراہ نے کہا کہ مہم میں ان بنیادی سماجی رویوں اور نقصان دہ روایات پر بھی توجہ دی جائے گی جو صنفی تشدد، انتہا پسندی اور سماجی محرومی کا سبب بنتی ہیں، جبکہ برداشت، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ پائیدار رویہ جاتی تبدیلی انفرادی اور محدود اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے گھرانوں، کمیونٹی رہنماؤں، سرکاری اداروں اور نچلی سطح پر کام کرنے والی تنظیموں کی مسلسل شمولیت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دُخترانِ پاکستان مہم وسیع تر ترقیاتی وژن کو گھریلو اور کمیونٹی سطح پر عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔
نادر گل بڑیچ کے مطابق مہم کے تحت صرف آگاہی پیدا کرنے تک محدود رہنے کے بجائے کمیونٹیز اور شراکت دار تنظیموں کو اپنے تجربات کے تبادلے، کامیاب گھریلو اور دیہی سطح کے غربت سے نکلنے کے ماڈلز اجاگر کرنے اور نچلی سطح پر ترقیاتی اقدامات سے حاصل ہونے والے عملی اسباق ایک دوسرے تک پہنچانے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی اور رویہ جاتی تبدیلی کو جامع معاشی مواقع سے منسلک کرنا خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت، نوجوانوں کی مثبت شرکت اور خاندانی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی خودمختاری اور سماجی شمولیت کو ساتھ ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔ جب خواتین کو مساوی مواقع میسر ہوں، نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لیں اور خاندان مضبوط ہوں تو کمیونٹیز زیادہ مستحکم ہو جاتی ہیں اور پُرامن بقائے باہمی کو متاثر کرنے والے چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹ سکتی ہیں۔
پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے امید ظاہر کی کہ ملک گیر مہم مساوات، عزت و وقار، برداشت اور عدم تشدد کے فروغ کے لیے کمیونٹیز کو فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی پی اے ایف ایک پُرامن، مربوط اور مستحکم پاکستان کی تشکیل کے وسیع تر قومی مقصد کے تحت کمیونٹی کی قیادت میں ترقیاتی اقدامات اور جامع معاشی مواقع کی فراہمی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

