پاکستان
سینئر صحافی منوّر نقوی کے ایصالِ ثواب اور چہلم کی مجلس کا امام بارگاہ یثرب، کراچی میں انعقاد
کراچی (صدائے سچ نیوز) پاکستان کے سینئر ترین اور معزز صحافی سید منوّر حسین نقوی مرحوم، جن کا انتقال 31 اگست 2025 کو اسلام آباد میں ہوا تھا، کے ایصالِ ثواب اور مجلسِ چہلم کا انعقاد اتوار کے روز امام بارگاہ یثرب، فیز 4 ڈی ایچ اے کراچی میں کیا گیا۔ یہ پُر وقار تقریب اُن کے صاحبزادے محمد عباس نقوی (شانی) اور بھائی منظر نقوی، ایگزیکٹو ایڈیٹر دی فنانشل ڈیلی انٹرنیشنل، کی جانب سے منعقد کی گئی۔
یہ مجلس مرحوم کی صحافتی خدمات اور اُن کی ساری عمر پاکستانی صحافت کے لیے دی جانے والی گراں قدر کاوشوں کے اعتراف میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ میڈیا، ادب، تعلیم، سفارتکاری اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
علامہ سید عمّار علی شاہ نقوی، متولی شاہِ نجف امام بارگاہ مارٹن روڈ، نے مجلسِ چہلم سے بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ انہوں نے انسانی زندگی کے اخلاقی و روحانی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اخلاص، عاجزی اور خدمتِ انسانیت وہ اوصاف ہیں جو ایک بامقصد زندگی کی بنیاد بنتے ہیں، اور یہی اوصاف سید منوّر حسین نقوی کی زندگی کا روشن پہلو تھے۔
مشہور مرثیہ خواں سید مسعود رضوی نے دل کو چھو لینے والا مرثیہ پیش کیا، جبکہ فرشِ عزا کے معروف شعراء عباس نقوی، کمال امروہوی، اور میثم نقوی امروہوی نے عقیدت و محبت سے بھرپور سلام اور نوحہ پیش کیا۔ سینئر صحافی قیصر مسعود جعفری اور عامر کاظمی (فضّہ ملٹی میڈیا) نے بھی مرحوم کی صحافتی خدمات، دیانت داری اور سچائی کے عزم پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں مبشّر میر (صدر کراچی ایڈیٹرز کلب)، عقیل جعفری (سینئر ایڈورٹائزنگ ماہر)، اقبال جمیل (پی ٹی وی اسپورٹس کے معروف صحافی)، بریگیڈیئر کرار حسین، جی ایچ تھاور (سینئر بینکار)، علی زیب (سینئر نائب صدر نیشنل بینک آف پاکستان)، سابق سفیر حسن حبیب، کارپوریٹ وکیل شہریار زیدی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ممتاز شخصیات شامل تھیں جنہوں نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
بڑی تعداد میں خواتین نے بھی اس مجلسِ عزا میں شرکت کی اور مرحوم منوّر حسین نقوی کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کیں۔
تقریب کا اختتام علامہ سید عمّار علی شاہ نقوی کی خصوصی دعا پر ہوا، جس میں انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے دعائیں کیں۔
مرحوم کے صاحبزادے محمد عباس نقوی اور بھائی منظر نقوی نے شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اظہارِ تعزیت قبول کیا۔ شرکاء نے منوّر نقوی کو ایک منکسر المزاج، دیانت دار اور بانی کردار رکھنے والے انگریزی صحافت کے درخشاں ستارے کے طور پر یاد کیا جن کی دہائیوں پر محیط خدمات پاکستان کی صحافت کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
تقریب کی نظامت معروف شاعر عباس نقوی نے نہایت خوش اسلوبی اور عقیدت کے ساتھ انجام دی۔
-
ایکسکلوسِو2 ہفتے agoسیکرٹری اطلاعات کی پوسٹ کیلئے پانچ افسران کا انٹرویو، طارق خان بھی شامل
-
پاکستان3 ہفتے agoمسلم لیگ (ن) کے رہنما افتخار احمد چیمہ انتقال کر گئے
-
ایکسکلوسِو2 مہینے agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان1 مہینہ agoخدا نخواستہ 600 افراد جاں بحق ہوئے تو لاشیں کہاں ہیں؟،مریم نواز
-
پاکستان2 مہینے agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ٹیکنالوجی3 مہینے agoiOS 26 میں مکمل اردو سپورٹ — iPhone صارفین کے لیے نئی سہولت
-
پاکستان3 ہفتے agoمعصومہء سندھ کے روضہء اطہر کی تعمیر میں تاخیری حربے تشویشناک ہیں، کراچی ایڈیٹر کلب
-
تازہ ترین3 مہینے agoپاکستان کا ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) قائم

