پاکستان
یمن جنگ میں پاکستان کی شمولیت ملکی مفادات اور مسلم اتحاد کے لیے نقصان دہ ہوگی، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام آباد ( صداۓ سچ نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم پاکستان میں دیگر علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی کسی بھی قسم کی فوجی شمولیت کی مخالفت کرتے ہیں۔
پاکستان کو پارلیمان کی 2015ء کی قرارداد کی روشنی میں غیر جانب دار رہتے ہوئے ثالثی اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ یمن کے عوام کو اپنے مستقبل اور سیاسی فیصلوں کا اختیار دیا جائے اور ان پر مسلط بمباری اور محاصرے کا خاتمہ کیا جائے۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ یمن کے عوام نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عملی کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق یمن کے عوام نے شدید مشکلات اور محاصرے کے باوجود فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھی، اس لیے ان کی قربانیوں اور مؤقف کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یمن اور سعودی عرب کے تنازع میں پاکستان کو کسی ایک فریق کی جنگ کا حصہ بننے کے بجائے امن کے قیام کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2015ء میں پارلیمان نے یمن کے تنازع میں فوجی طور پر شریک نہ ہونے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی پالیسی اختیار کی تھی، لہٰذا کسی بھی نئے فیصلے سے قبل پارلیمان کو اعتماد میں لینا اور اس معاملے پر واضح بحث کرنا ضروری ہے۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ یمن کے خلاف مبینہ حملوں اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ پر حملوں سے متعلق الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی الزام کو ٹھوس شواہد کے بغیر بنیاد بنا کر مسلم ممالک کے عوام میں اشتعال اور تقسیم پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام کا مطالبہ بمباری روکنے، محاصرہ ختم کرنے اور اپنے داخلی معاملات کے فیصلے خود کرنے کے حق سے متعلق ہے۔ پاکستان کو اس مطالبے کے تناظر میں امن و مذاکرات کی حمایت کرنی چاہیے، نہ کہ ایسے تنازع میں شامل ہونا چاہیے جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہو۔
وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین نے خبردار کیا کہ پاکستان پہلے ہی معاشی، سیاسی اور داخلی امن و امان کے متعدد مسائل سے دوچار ہے۔ افغانستان کے ساتھ کشیدگی اور دیگر علاقائی چیلنجز کے ہوتے ہوئے ایک نئے محاذ میں شمولیت ملک کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جنگ میں ماضی کی شمولیت کے اثرات سے سبق سیکھتے ہوئے پاکستان کو ایسی پالیسی اختیار کرنی چاہیے جو قومی مفادات، علاقائی امن اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
اس موقع پر مجلس علماء مکتب اہلِ بیت پاکستان کے سربراہ علامہ حسنین گردیزی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت داخلی سلامتی، معاشی مشکلات اور سیاسی عدم استحکام جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں ایک نئی جنگ میں شمولیت ملک کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے اور اسلامی ممالک میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کے تنازع سے فائدہ اسلام دشمن قوتوں کو پہنچنے اور مسلم ممالک کے درمیان اختلافات و فرقہ واریت بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ پاکستان اور عالمِ اسلام اس صورتِ حال کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام اور علماء کے لیے ضروری ہے کہ وہ خطے میں امن، مسلم اتحاد اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔
پریس بریفنگ میں شریک علماء و رہنماؤں نے پاکستان کی جانب سے یمن کے تنازع میں فوجی شمولیت کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پارلیمان کی سابقہ قرارداد کی پاسداری کرے، کسی بھی فیصلے میں پارلیمان اور عوامی مؤقف کو اہمیت دے اور جنگ کے بجائے سفارتی رابطوں، ثالثی اور مذاکرات کو ترجیح دے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کا حل تصادم نہیں بلکہ مکالمہ، باہمی احترام اور سیاسی خودمختاری کا تحفظ ہے۔پریس کانفرنس میں علامہ اصغر عسکری،علامہ علی شیر انصاری،علامہ عیسی امینی،علامہ ڈاکٹر محمد علی ممتاز بھی شریک تھے۔
-
برطانیہ اور یورپ7 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان7 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان9 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان7 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو12 مہینے agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان3 ہفتے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان8 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان

