تازہ ترین
چین کو خدشہ ہے امریکا مصنوعی ذہانت کے ذریعے اس کے جوہری ہتھیاروں کو زیادہ آسانی سے نشانہ بنا سکتا ہے، امریکی اخبار
بیجنگ (صدائے سچ نیوز)امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے چیف چائناکارسپونڈنٹ کرس بکلی نے چینی فوجی اور سویلین محققین کے 100 سے زائد حالیہ جائزوں کا مطالعہ کیا اور اس حوالے سے ماہرین اور سابق امریکی حکام سے گفتگو کی۔
اخبار کے مطابق چین کو بنیادی تشویش یہ ہے کہ جاسوسی و نگرانی ڈیٹا کے تجزیے اور عین نشانے پر حملے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال امریکی افواج کو اس قابل بنا سکتا ہے کہ وہ محض انسانی آپریٹرز کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے چینی میزائل لانچرز کا پتا لگا سکیں، ان کا تعاقب کر سکیں اور انہیں نشانہ بنا سکیں جس سے چین کی یقینی جوابی کارروائی کی صلاحیت کمزور پڑ سکتی ہے۔
بیجنگ کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے دو محققین کے مطابق جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے سے امریکا اس قابل ہو سکتا ہے کہ وہ ’فیصلہ سازی کے روایتی عمل کو 15 سے 30 منٹ سے کم کر کے 90 سیکنڈ یا اس سے بھی کم وقت تک محدود کر دے‘۔
چین کی جوہری حکمتِ عملی کا مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ چینی محققین کی نظر میں مصنوعی ذہانت ’ہتھیاروں کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے عمل کو کہیں زیادہ مشکل بنا سکتی ہے‘۔
رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے اندازوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں جبکہ پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2030 تک یہ ذخیرہ تقریباً ایک ہزار تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس میں سے ہر ایک کے پاس تقریباً 1800 جوہری وار ہیڈز ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین نے اپنی افواج کو مختلف مقامات پر پھیلانے، شمالی صحراؤں میں تقریباً 320 زیر زمین میزائل لانچ سائیلوز تعمیر کرنے اور جولائی میں آبدوز سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کر کے اپنے جوہری اثاثوں کی بقا کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔
اس کے ساتھ ہی چینی محققین اور پیپلز لبریشن آرمی راکٹ فورس اپنے سسٹمز کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں ایسے طریقے شامل ہیں جن کے ذریعے ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائل پرواز کے راستے میں خودکار تبدیلی اور دیگر تکنیکوں کی مدد سے دفاعی نظاموں کو چکما دے سکیں۔
تاہم بعض چینی فوجی تحقیقات میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے پراسیس کیا گیا ناقص یا بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں ’فیصلہ سازی کے شدید خطرات‘ پیدا کر سکتا ہے۔
انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے فلپ رینر نے نشاندہی کی کہ اگرچہ کوئی بھی میزائل داغنے کا حتمی اختیار مصنوعی ذہانت کو نہیں سونپ رہا لیکن ’وہ تمام معلومات جو آپ کو یہ بتاتی ہیں کہ آیا آپ کو حملہ کرنا چاہیے یا نہیں اب مصنوعی ذہانت ہی مرتب کرے گی‘۔
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان11 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان9 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

