تازہ ترین
ایران کے خلاف کارروائیوں کیلئے عراقی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، علی الزیدی کا امریکا کو دوٹوک پیغام
بغداد (صداۓ سچ نیوز) عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے امریکی صدر کو واضح کردیا ہے کہ عراق اپنی سرزمین ایران یا کسی دوسرے پڑوسی ملک کے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات پر زور دیا ہے۔
سعودی اخبار ’الشرق الاوسط‘ کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ علی الزیدی نے امریکی صدر سے گفتگو کے دوران عراق کی اس پالیسی کا اعادہ کیا کہ ملک کی سرزمین کسی بھی ہمسایہ ریاست کے خلاف فوجی کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
علی الزیدی نے بغداد اور واشنگٹن کے درمیان مشترکہ مفادات کے امور پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے تصادم کے بجائے پرامن حل اور تعمیری مذاکرات کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور سفارتی کوششوں کے ذریعے خطے میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
مغربی عراق میں فوجی تعیناتی بڑھانے کا فیصلہ
دوسری جانب عراقی وزارت دفاع نے ملک کے مغربی علاقوں میں دفاعی پوزیشنیں مزید مضبوط بنانے اور فوجی نفری میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل یحییٰ رسول عبداللہ کے مطابق جزیرہ اور مغربی نینوا آپریشنز کمانڈز کے فوجی دستوں نے راوہ سے حطرا تک دفاعی لائن پر اپنی پوزیشنیں مستحکم کرنا شروع کردی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد دریائے فرات کے شمال میں جزیرہ ریجن سمیت نینوا اور صلاح الدین صوبوں میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانا ہے۔ ترجمان کے مطابق فوجی تعیناتی سے صحرائی علاقوں کو محفوظ بنانے، باقی ماندہ عسکریت پسندوں کا تعاقب کرنے اور انہیں ان علاقوں میں پناہ گاہیں قائم کرنے سے روکنے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے شہریوں اور تجارتی ٹرانسپورٹ کیلئے ایک مختصر راستہ بھی میسر آئے گا، جس سے سرمایہ کاری اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
عراق کا دفاعی صنعت کو مضبوط بنانے پر زور
ادھر عراقی وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف علی الزیدی نے جمعرات کو دفاعی صنعتوں کے کمیشن کا دورہ کیا، جہاں انہیں مقامی سطح پر تیار اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیے گئے فوجی سازوسامان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کے میڈیا آفس کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ سازوسامان میں مختلف اقسام کا گولہ بارود، ہلکے، درمیانے اور بھاری ہتھیار، ڈرون سسٹمز اور نگرانی کے جدید آلات شامل ہیں۔
علی الزیدی نے ملکی دفاعی صنعت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نجی شعبے اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت رکھنے والی کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عراق کے پاس مقامی ماہرین اور افرادی قوت کی مدد سے اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہتھیار اور فوجی سازوسامان تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے دفاعی صنعت کو قومی خودمختاری کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے تحقیق، ترقی اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے دفاعی صنعتوں کے کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کی پیداواری صلاحیت اور تکنیکی استعداد میں اضافے کیلئے ضروری وسائل فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ مسلح افواج کی ضروریات مقامی سطح پر پوری کی جاسکیں اور غیر ملکی سپلائرز پر انحصار کم ہو۔
واضح رہے کہ عراق کا دفاعی صنعتوں کا کمیشن حال ہی میں قائم کیا گیا ہے اور یہ براہ راست مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کو جواب دہ ہے۔ کمیشن کے قیام کا مقصد ملکی دفاعی صنعت کو دوبارہ فعال بنانا اور فوج و سیکیورٹی اداروں کی ضروریات مقامی طور پر پوری کرنا ہے۔
عراق میں فوجی سازوسامان کی تیاری کا سلسلہ 1970 کی دہائی میں شروع ہوا تھا، جبکہ 1980 کی دہائی میں ایران عراق جنگ کے دوران اس صنعت کو مزید وسعت دی گئی۔ تاہم 1991 کی خلیجی جنگ اور بعد ازاں 1990 کی دہائی میں عائد عالمی پابندیوں کے باعث عراق کا دفاعی صنعتی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا تھا۔
-
برطانیہ اور یورپ8 مہینے agoاو پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کے اعزاز میں پرتکلف افطار ڈنر، اوورسیز کمیونٹی کو اتحاد کا پیغام
-
پاکستان8 مہینے agoحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا
-
پاکستان10 مہینے agoاہلیان نورپور شاہاں بری امام کی بے دخلی عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی، چیئرمین عوام دوست گروپ تنویر عباسی
-
پاکستان8 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان1 سال agoاسلام آباد پولیس کا نیشنل پریس کلب پر دھاوا، صحافیوں پر بدترین تشدد، انسانی حقوق تنظیموں کی مذمت
-
ایکسکلوسِو1 سال agoانٹیلی جنس ایجنسیوں کے5 نامزدافسران پر اعتراضات، بیرون ملک پریس قونصلر، اتاشیوں کی پوسٹنگ کامعاملہ لٹک گیا
-
پاکستان2 مہینے agoسونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
-
پاکستان9 مہینے agoپیرکوعام تعطیل کا اعلان

