Connect with us

تازہ ترین

ٹھنڈے ہال، جلتے لوگ

Muhammad Maqsood Khan Advocate

تحریر: محمد مقصود خان، ایڈووکیٹ، لیڈز، برطانیہ

جون کی دہکتی دوپہر اپنے پورے غضب کے ساتھ اسلام آباد پر جھکی ہوئی ہے۔
سورج یوں آگ برسا رہا ہے جیسے آسمان کے سینے پر کسی نے دہکتا ہوا تنور رکھ دیا ہو۔
فضا میں ایسی تپش گھلی ہے کہ سانس لینا بھی سزا محسوس ہوتا ہے۔
سڑکیں پگھلے ہوئے سیسے کی طرح چمک رہی ہیں۔
درخت خاموش کھڑے ہیں، جیسے گرمی نے ان کی زبان بھی جلا دی ہو۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر انسانوں کا ایک ہجوم کھڑا ہے۔
تھکے ہوئے،
جھلسے ہوئے،
پسینے میں شرابور انسان…
کسی کے ہاتھ میں فریاد ہے،
کسی کے ہاتھ میں بجلی کا بل،
کسی کی جیب میں بیروزگاری کا زہر،
اور کسی کی آنکھوں میں بچوں کی بھوک کا خوف۔
ہر چہرہ ایک الگ کہانی ہے،

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ منسٹر کے ایوانوں میں اترتی بغاوت

مگر ہر کہانی کا اختتام ایک ہی سوال پر ہوتا ہے:
“کیا اس ملک میں غریب پیدا ہونا واقعی جرم ہے؟”
لوہے کے جنگلے کے قریب ایک بوڑھا مزدور بیٹھا ہے۔
اس کے کپڑے میلے ہیں،
پاؤں کی ایڑیاں پھٹی ہوئی،
ہاتھوں کی رگیں ابھری ہوئی،
اور چہرہ ایسا جیسے برسوں کی دھوپ نے اس کی جلد پر غربت لکھ دی ہو۔

وہ خاموشی سے پارلیمنٹ کی بلند و بالا عمارت کو دیکھتا ہے۔
وہ عمارت…
جس کے شیشوں کے اندر ٹھنڈی ہوائیں گردش کر رہی ہیں،
جہاں قالین نرم ہیں،
جہاں کرسیاں آرام دہ ہیں،
جہاں اقتدار کی خوشبو پسینے کی بو کو داخل نہیں ہونے دیتی—-

پارلیمنٹ کےائیرکنڈیشنڈ ہال میں معزز اراکینِ اسمبلی اپنی نشستوں پر براجمان ہیں۔
مہنگے سوٹ،
ریشمی ٹائیاں،
چمکتے جوتے،
قیمتی گھڑیاں،
اور ہاتھوں میں ٹھنڈے منرل واٹر کی بوتلیں۔

ایک رکن رومال سے ماتھے پر آئی معمولی نمی صاف کرتا ہے،
جیسے گرمی صرف اس کے ماتھے تک پہنچی ہو،
دل تک نہیں۔
پھر اچانک میز بجتی ہے۔

ایک بلند آواز گونجتی ہے:
“ہم غریب عوام کا درد رکھتے ہیں…
ہم نے قربانیاں دی ہیں…
ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے…

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کے مقامی انتخابات، 7 مئی — ایک خاموش سیاسی زلزلہ

یہ ملک عوام کی امانت ہے!”
ہال تالیوں سے گونج اٹھتا ہے۔
ڈیسک بجتے ہیں۔
مسکراہٹیں پھیلتی ہیں۔
کچھ لوگ سر ہلاتے ہیں،
جیسے الفاظ سے انقلاب آ گیا ہو۔
مگر باہر—-

باہر سوا نیزے پر کھڑے سورج کے نیچے وہ بوڑھا مزدور اچانک ہنس دیتا ہے۔
ایسی ہنسی…
جس میں صدیوں کی تھکن چھپی ہو،
ایسی ہنسی…
جس کے پیچھے آنسو دم توڑ رہے ہوں۔

اس کے ساتھ کھڑا نوجوان حیرت سے پوچھتا ہے:
“بابا… کیوں ہنس رہے ہو؟”
بوڑھا دھیرے سے آسمان کی طرف دیکھتا ہے۔
اس کی آنکھوں میں نمی تیرتی ہے۔

پھر وہ ٹوٹتی ہوئی آواز میں کہتا ہے:
“پُتر…
جس دن غریب کا درد
ائیرکنڈیشن میں بیٹھ کر محسوس ہونے لگے نا…
سمجھ لینا قیامت قریب ہے…”

اتنے میں دھوپ اور تیز ہو جاتی ہے۔
قریب ہی ایک عورت اپنے بیمار بچے کو گود میں اٹھائے سایہ ڈھونڈ رہی ہے۔
بچے کے ہونٹ خشک ہیں،
آنکھیں اندر دھنس چکی ہیں،
اور اس کی سانس ایسے چل رہی ہے جیسے چھوٹا سا سینہ زندگی کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے تھک گیا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: مقامی بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی کو بڑا دھچکا، ریفارم یو کے کی حیران کن کامیابی، وزیراعظم اسٹارمر کے مستقبل پر سوالات

وہ بار بار صرف ایک لفظ کہتا ہے:
“پانی…”
مگر پانی بیچنے والے ٹھیلے پر جب عورت قیمت سنتی ہے،
تو اس کی آنکھوں میں امید کی آخری روشنی بھی بجھ جاتی ہے۔
وہ بچے کو سینے سے لگا لیتی ہے،
جیسے ممتا اپنی بے بسی چھپانے کی کوشش کر رہی ہو—-

اُسی لمحے…
پارلیمنٹ کے اندر ایک اور معزز رکن پوری طاقت سے نعرہ لگاتا ہے:
“ملک ترقی کر رہا ہے!”
فوراً میزیں بجتی ہیں۔
قہقہے بلند ہوتے ہیں۔
ٹائیاں سیدھی کی جاتی ہیں۔
کسی کے چہرے پر فخر ہے،
کسی کے لبوں پر کامیابی کی مسکراہٹ —–

باہر کھڑا مزدور بے بسی سے آسمان کی طرف دیکھتا ہے۔
سورج اب بھی آگ برسا رہا ہے۔
مگر یہ صرف موسم کی گرمی نہیں۔
ناانصافی کی گرمی ہے
محرومی کی حدت ہے،
جھوٹے وعدوں کی تپش ہے ،
یہ اس نظام کی آگ ہے
جس میں غریب ہمیشہ جلتا ہے
اور امیر ہمیشہ محفوظ رہتا ہے۔
بوڑھا ہونٹ کاٹتا ہے،

پھر آہستہ سے بڑبڑاتا ہے:
“یہ کیسا ملک ہے…؟
جہاں ووٹ دینے والا دھوپ میں جلتا ہے…
اور ووٹ لینے والا ایئر کنڈیشنڈ ہال میں بیٹھ کرقوم کا درد بیان کرتا ہے…”
اس کی آواز رندھ جاتی ہے۔
شاید لفظ بھی غربت کی طرح تھک جاتے ہیں—-

آہستہ آہستہ شام اترنے لگتی ہے۔
پارلیمنٹ کی روشنیاں جگمگا اٹھتی ہیں۔
سرکاری گاڑیوں کے دروازے بند ہوتے ہیں۔
سرخ بتیوں والی گاڑیاں ایک ایک کرکے روانہ ہونے لگتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دل کے شہر میں اترتی روشنی

اور سڑک کے کنارے بیٹھا وہ بوڑھا مزدور…
اب بھی پسینہ پونچھ رہا ہے۔
اسے اب یقین ہونے لگا ہے کہ اس ملک میں
سب سے سستا خون غریب کا ہے…
اور سب سے مہنگی چیز اقتدار کی کرسی۔
دور کسی مسجد سے اذانِ مغرب بلند ہوتی ہے۔
“اللهُ أکبر… اللهُ أکبر…”

فضا میں ہلکی سی خنکی گھلتی ہے۔
پرندے اپنے گھونسلوں کی طرف لوٹتے ہیں۔
مگر اس بوڑھے ووٹر کے اندر ایک صحرا اب بھی دہک رہا ہے۔
ایک ایسا صحرا…
جہاں امید مر چکی ہے،
اعتماد دفن ہو چکا ہے،
اور خواب پیاس سے تڑپ رہے ہیں۔

وہ آخری بار پارلیمنٹ کی عمارت کو دیکھتا ہے۔
پھر دھیرے سے نظریں جھکا لیتا ہے۔
جیسے اسے آخرکار سمجھ آ گئی ہو کہ
اس ملک میں غریب صرف زندہ رہتا ہے…
جیتا کبھی نہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں

FGEHA Signs MOU with UBL FGEHA Signs MOU with UBL
پاکستان4 گھنٹے ago

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط

اسلام آباد (صدائے سچ نیوز) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ...

Fighter Plane Fighter Plane
تازہ ترین5 گھنٹے ago

شمالی ایران میں دشمن طیاروں کی رہنمائی کیلئے استعمال ہونیوالا سازوسامان برآمد: ایرانی میڈیا

تہران (صدائے سچ نیوز) ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے شمالی صوبے مازندران کے ضلع تنکابن کے  پہاڑی علاقوں سے...

Secretary Housing Visited F-14 Secretary Housing Visited F-14
پاکستان1 دن ago

سیکرٹری ہاؤسنگ کا F-14، F-15 کا دورہ، تجاوزات کے خاتمے اور ترقیاتی کاموں میں تیزی کا حکم

اسلام آباد (صدائے سچ نیوز)سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے ڈی جی ایف جی ای ایچ اے...

Shameem Haider Syed Shameem Haider Syed
تازہ ترین1 دن ago

مسلسل اسرائیلی جارحیت کے سبب دنیا کا امن ایک مرتبہ پھر دائو پر لگ گیا

تحریر :شمیم حیدر سید لبنان پر اسرائیل جارحیت اور مستقل بمباری نے دنیا کا امن ایک مرتبہ پھر دائو پر...

Gold Jewellery Gold Jewellery
پاکستان1 دن ago

ملک بھر میں سونے کی قیمتیں گراوٹ کا شکار

کراچی (صدائے سچ نیوز) ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہیں۔ آل پاکستان صرافہ...

Missile Attack Missile Attack
تازہ ترین1 دن ago

یمنی حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل داغنے کی ویڈیو جاری کردی

یمن کے حوثی گروپ نے آج اسرائیل پر میزائل داغنے کی ویڈیو جاری کردی۔ حوثیوں کی جانب سے ’فلسطین2‘ ہائپر...

Attack Site Attack Site
تازہ ترین2 دن ago

ٹرمپ کے منع کرنے کے باوجود اسرائیل کا ایران پر حملہ، تبریز اور اصفہان میں متعدد دھماکے

واشنگٹن (صدائے سچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل کے باوجود اسرائیل نے  ایران پر جوابی حملہ کر دیا۔...

Advsior to Supreme Leader Mohsin Razai Advsior to Supreme Leader Mohsin Razai
تازہ ترین2 دن ago

خبردار کیا تھا کہ لبنان پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے: اسرائیل پر میزائل داغنے کے بعد ایرانی عہدیدار کا بیان

تہران (صدائے سچ نیوز) ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغنے...

Iran missile attack Iran missile attack
تازہ ترین2 دن ago

بیروت پر حملوں کا جواب، ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دیے

تہران (صدائے سچ نیوز) ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملوں کے جواب میں  اسرائیل پر میزائل داغ دیے۔...

Nisar Hussain Nisar Hussain
تازہ ترین2 دن ago

میلبورن میں علم، خدمت اور قومی وقار کی روشن شام

تحریر: نثار حسین میلبورن کی سرد مگر دل آویز شام اُس وقت علم، وقار اور خدمتِ انسانیت کی ایک خوبصورت...

Trending